ممبئی (عکس آن لائن) بالی وڈ کے نواب سیف علی خان نے کورونا وائرس کے دوران فلموں کی شوٹنگ کرانے والے اداکاروں کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار تعریف کے مستحق ہیں کیونکہ کورونا کے دوران کام کرنا بالکل اسپتال میں کام کرنے جیسا ہے۔ایک انٹرویو میں سیف علی خان نے کہا کہ اداکار فیس ماسک نہیں پہن سکتے اور اس وقت فلم سیٹس بہت ہی خطرناک جگہ ہے۔ میں نے زیادہ تر جن لوگوں کے ساتھ کام کیا انہوں نے حفاظتی اقدامات سے متعلق بہت کوششیں کیں۔سیف علی خان نے مزید کہا کہ لوگ بہت کوشش کر رہے ہیں لیکن خطرہ پھر بھی ہے۔ یہ مشکل وقت ہے اور انہیں لگتا ہے کہ یقینی طور پر اداکار تعریف کے مستحق ہیں۔سیف علی خان کا کہنا تھا کہ لاک ڈائون کے دوران ہم خاموشی سے 6 ماہ گھروں میں بیٹھے۔
اس دوران ہم نے اپنی زندگی ضائع کیں اور وقت کھویا لیکن اب جب حکومت کہہ رہی ہے کہ باہر نکل کر کام کر کے معیشت کو سپورٹ کیا جائے تو ایسے میں ہم ایک مرتبہ پھر فرنٹ لائن پر ہیں۔سیف علی خان نے کہا کہ فلمی دنیا بہت ہی زیادہ خطرے والا پیشہ ہے جو کہ بالکل اسپتال میں کام کرنے کی طرح ہے۔بالی وڈ فلم بھوت پولیس کی شوٹنگ جاری ہے جس میں سیف علی خان ،ارجن کپور، جیکلین فرنینڈس اور یامی گوتم شامل ہیں۔ اس فلم کی شوٹنگ مکمل اور ریلیز کے حوالے سے اب تک کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔