ٹوکیو(عکس آن لائن) جاپان کی ایک کریڈٹ ریسرچ کمپنی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے اثرات کی وجہ سے تقریباً 120 جاپانی کمپنیاں دیوالیہ ہو گئی ہیں۔جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق کریڈٹ ریسرچ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ سروے رپوٹ میں کہا گیا ہے کہ غزشتہ روز تک 77 کمپنیوں نے دیوالیہ پن کی درخواستیں دائر کی تھیں۔ زیادہ تر کمپنیاں مصنوعات کی فروخت میں شدید کمی کی وجہ سے دیوالیہ ہوئی ہیں۔ 42 مزید کمپنیاں کاروبار بند کرنے کے مراحل میں ہیں۔
عالمگیر وبا کی وجہ سے مجموعی طور پر ایک سو انیس کمپنیاں دیوالیہ ہو گئی ہیں۔صنعتوں کے اعتبار سے دیوالیہ ہونے والے اداروں کا ایک چوتھائی سے زیادہ ہوٹلوں پر مشتمل ہے، جن کی تعداد 32 ہے۔ اس کے بعد ریستوران اور بارز یعنی شراب خانے ہیں جن کی تعداد 12 ہے۔
ان کے بعد خواتین کے ملبوسات اور جوتوں کے کاروبار ہیں جن کی تعداد 10 ہے۔ریسرچ کمپنی کا کہنا ہے کہ ہنگامی حالت کی ملک گیر سطح پر مئی کے آخر تک توسیع کی وجہ سے کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد دیوالیہ پن کے دہانے پر ہے۔اس کا مزید کہنا ہے کہ ہنگامی حالت کے تحت ڈیپارٹمنٹ اسٹورز کی طویل بندش کی وجہ سے ملبوسات کمپنیوں کے دیوالیہ ہونے کے حالیہ واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔