جنیوا(عکس آن لائن) عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل تیدروس ادھانوم گیبریسس نے کہا ہے کہ نئے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے میں کم از کم 12 سے 18 ماہ لگ سکتے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے جنیوا میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اب دنیا بھر میں کووِڈ۔19 کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ سے زیادہ ہے اور 20 ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔
اْنہوں نے مذکورہ تعداد کو المناک قرار دیا۔ ادھانوم گیبریسس نے کہا کہ ویکسین کی تیاری میں اب بھی 12 سے 18 ماہ لگیں گے لہٰذا عالمی ادارہ صحت انفرادی لوگوں اور ممالک پر زور دیتا ہے کہ وہ وائرس کے خلاف غیر مصدقہ تھراپیز آزمانے سے گریز کریں۔عالمی ادارہ صحت کے ہنگامی منصوبے کی تکنیکی سربراہ ماریا وان کیرخوو نے کہا ہے کہ بیشتر نوجوان لوگوں میں معمولی علامات ظاہر ہوئیں ہیں۔
اْنہوں نے کہا کہ معمولی علامات والے جوان لوگ بھی متاثر ہونے کے امکان والے لوگوں میں وائرس کو منتقل کر سکتے ہیں جو پھر شدید بیمار یا ہلاک ہو سکتے ہیں۔اْنہوں نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہاتھوں کی حفظان صحت کے مطابق صفائی اور سماجی طور پر لوگوں سے فاصلہ یقینی بنا کر انفیکشنز کی روکتھام میں کردار ادا کریں۔