لندن(عکس آن لائن) دنیا میں اب شاید شاذ و نادر ہی کوئی ایسا شخص ملے گا جو کورونا وائرس (Coronavirus) اور کووِڈ-19 (COVID-19) جیسے الفاظ کو نہ جانتا ہو۔مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ نوول کورونا وائرس کا نیا نام COVID-19 کیوں رکھا گیا اور یہ کس کا مخفف ہے؟برطانوی جریدے دی مرر کے مطابق یہ لفظ دراصل تین الفاظ کورونا وائرس ڈیزیز (Corona Virus Disease) کامخفف ہے اور اس کے ساتھ لگا 19 سال 2019 کی غمازی کرتا ہے۔رپورٹ کے مطابق سال 2019 سے شروع ہونے والی کورونا وائرس کی اس موذی وبا کے لیے اس نام کا انتخاب عالمی ادارہ برائے صحت (WHO) نے کیا۔
القمرآن لائن کے مطابق نام کے اس انتخاب میں او آئی ای اینیمل ہیلتھ اور ایف اے او نے بھی عالمی ادارہ صحت کی معاونت کی۔اس حوالے سے عالمی ادارہ برائے صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایدہینم گیبریاسس نے ایک بیان میں کہا کہ ہم اس وبا کے لیے کوئی ایسا نام ڈھونڈنا چاہتے تھے جو کسی ایک ملک، علاقے، جانور، کسی شخص یا گروپ وغیرہ سے منسوب نہ ہو۔
کوئی ایسا نام ہو جو پوری دنیا کے لیے یکساں ہو اور کسی ایک ملک یا علاقے سے منسوب ہو کر اس کے لیے شرمندگی کا سبب نہ بنے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ بولنے میں آسان اور اس بیماری سے متعلق بھی ہو۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق عالمی ادارہ برائے صحت کی طرف سے اس نام کے اعلان سے قبل دنیا بھر میں سائنس دان اس وبا کو 2019n-CoV کے نام سے لکھتے اور پکارتے رہے ہیں۔