نیویارک(عکس آن لائن)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمگیر وبا کورونا کو عالم انسانیت کے لیے خطرہ قرار دیدیا۔سیکرٹری جنرل اقوا م متحدہ کی جانب سے جاری بیان میں دنیا بھر کے ممالک سے اپیل کی گئی ہے کہ کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے غریب ممالک کو 2 ارب ڈالر امداد کی ضرورت ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ کورونا وائرس پوری انسانیت کے لیے خطرہ ہے اور سب کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے۔چین میں بڑی حد تک کورونا پر قابو پایا جا چکا ہے لیکن یورپ بالخصوص اٹلی اور اسپین میں ہلاکتوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسپین میں 700 سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔
ایک جانب اقوام متحدہ کی جانب سے کورو نا وائرس سے نمٹنے کے لیے 2 ارب ڈالر امداد کی اپیل کی گئی ہے تو دوسری جانب امریکی سینیٹ نے اپنے شہریوں اور تاجروں کی مالی معاونت کے لیے 2 کھرب ڈالر کے امدادی پیکج کی منظوری دیدی ہے۔