جنیوا(عکس آن لائن)کورونا وائرس کے پھیلتے ہی دیگر ممالک کی طرح اٹلی میں اسکولوں کو بند کیے جانے کے بعد تقریبا 30 کروڑ بچے دنیا بھر میں اسکول جانے سے محروم ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نوول کورونا وائرس یا کووڈ-19 اس وقت 80 ممالک تک پھیل چکا ہے جبکہ اس وقت تک دنیا بھر میں 95 ہزار افراد متاثر اور 32 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔عالمی سطح پر ہلاکتوں اور کیسز کی بڑی تعداد کا تعلق چین سے ہے جہاں یہ پہلی مرتبہ گزشتہ سال کے آخر میں سامنے آیا تھا جس کے بعد وہاں کی حکومت نے پورے شہروں کو قرنطینہ میں ڈال دیا تھا، عارضی طور پر فیکٹریاں اور اسکول بند کردیے تھے۔وائرس کے پھیلتے ہی دیگر ممالک نے بھی غیر معمولی اقدامات کیے، یونیسکو کا کہنا ہے کہ 13 ممالک نے اسکول بند کیے جس کی وجہ سے 29 کروڑ 5 لاکھ بچے متاثر ہوئے جبکہ دیگر 9 ممالک نے مقامی سطح پر اسکول بند کیے۔
یونیسکو کے سربراہ اودرے آزولے کا کہنا تھا کہ عارضی طور پر بحران کے دوران اسکولوں کی بندش کوئی نئی بات نہیں وہیں تاہم عالمی سطح پر اس تیزی سے تعلیمی رکاوٹ کا کوئی مثال نہیں اور اگر یہ طویل عرصے تک جاری رہی تو اس سے تعلیم کے حق کو خطرہ پہنچے گا۔واضح رہے کہ بدھ کے روز اٹلی نے کورونا وائرس سے ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 107 ہونے کے بعد اسکولوں اور یونیورسٹیوں کو 15 مارچ تک بند رکھنے کا حکم جاری کیا تھا۔