کوئٹہ(عکس آن لائن)صوبائی وزیر ثانوی تعلیم و ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ایک مہلک اور علاج بیماری ہے اس کی روک تھام اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کیلئے صوبائی حکومت بھرپور کوشش کررہی ہے بچوں کو بچانے کیلئے 16مارچ سے 31مارچ تک تمام تعلیمی ادارے بند اور میٹرک کے امتحانات ملتوی کرنے کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان کو جلد خط لکھیں گے جامعات اور دینی ادارے بند کرنے کیلئے گورنر بلوچستان سے ملاقات اور پیر کے روز تمام مدارس کے منتظمین کا اجلاس طلب کرینگے‘
یہ بات انہوں نے سول سیکرٹریٹ سکندر آیٹوریم میں کورونا وائرس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی‘ اس موقع پر سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ہاشم غلزئی‘ ایڈیشنل سیکرٹری صحت اوردیگر بھی موجود تھے‘ سردار یار محمد رند نے کہاکہ کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بلوچستان بھر کے تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند ہیں تاہم اب اس میں مزید 16 دن کا اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد اب صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رہیں گے۔ پابندی کا اطلاق نجی تعلیمی اداروں پر بھی ہوگا انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے محکمہ صحت سے مشاورت کے بعد صوبے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو 31 مارچ تک نہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تعلیمی اداروں کو کھولنے کا اگلا فیصلہ 27 مارچ کو کیا جائے گا
صوبے کے دینی مدارس میں بھی تعطیل کیلئے متعلقہ مدارس کے مہتمم اور حکام سے بات چیت کررہے ہیں صوبے میں جاری میٹرک کے امتحانات کا سلسلہ بھی روک لیا گیا ہے جسکی تاریخ اگلی تاریخ کا فیصلہ 27 مارچ کو ہوگا‘محکمہ صحت اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے تمام جامعات بند کرنے کیلئے گورنر بلوچستان سے جلد ملاقات اور خط لکھی جائیگی اسی طرح بلوچستان بھر میں دینی مدارس کو بند اور دینی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو بچانے کیلئے پیر کے روز تمام علماء کرام کا اجلاس طلب کرلیا ہے اجلاس کے دوران ان سے مشاورت کے بعد تعلیمی دینی ادارے بھی بند کرینگے
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ حکومت بلوچستان نے تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے حوالے سے جو فیصلہ کیا ہے یہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں پر بھی لاگوں ہوگا اور اس سلسلے میں کسی بھی ادارے نے خلاف ورزی کی تو ان کیخلاف بھرپور کارروائی کرینگے اور ضرورت پڑی تو ان کی لائسنس بھی معطل کرینگے انہوں نے کہاکہ ہمارے لئے بچے اہم ہیں اور اس وقت پور ی دنیا میں کورونا وائرس جیسی وباء پھیل چکی ہے وہ سب سے پہلے بچوں اور بڑے عمر کے لوگوں پر اثر کرتے ہیں اس لئے ہم نے بوجہ مجبوری یہ اقدام اٹھا ہے ‘ وزیر تعلیم بلوچستان نے صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔