کیسز 2291 ہوگئے

کورونا سے مزید 4 جاں بحق، پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد 32 اور مجموعی کیسز 2291 ہوگئے

اسلام آباد(عکس آن لائن) پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 32 ہوگئی جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2291 تک جا پہنچی.

کورونا وائرس سے پنجاب میں 11، سندھ 10، خیبرپختونخوا 8، گلگت بلتستان 2 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ جمعرات کو پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک 69 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 4 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سے خیبرپختونخوا میں 2 ، پنجاب اور سندھ میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

اب تک سندھ میں 34 کیسز ایک ہلاکت، خیبرپختونخوا 23 کیسز ایک ہلاکت، گلگت 3، بلوچستان 5 اور اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے جمعرات صوبے میں ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی جس کے بعد سندھ میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ ٹنڈو محمد خان سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ مریض کو 28 مارچ کو حیدرآباد کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جس کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا جب کہ انتقال کرنے والا مریض تبلیغی جماعت کا رکن تھا۔

علاوہ ازیں محکمہ صحت کی سمری کے مطابق سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے 34 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 743 ہوگئی ہے۔

سمری کے مطابق کراچی میں 17، حیدرآباد 9، شہید بے نظیر آباد 6 اور جامشورو میں 2 کیس رپورٹ ہوئے جب کہ تمام کیس لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں