نعمان اعجاز

کوئی فنکار مکمل نہیں ہوتا ، ہر روز سیکھنے کے لئے کچھ نہ کچھ ضرور ملتا ہے ‘ نعمان اعجاز

لاہور (عکس آن لائن )سینئر اداکار نعمان اعجاز نے کہا ہے کہ کوئی فنکار مکمل نہیں ہوتا ساری زندگی کام کرنے کے باوجود جب بھی مجھے کوئی نیا کردار ملتاہے تو میرے لئے وہ ایک چیلنج بن جاتا ہے ،ایک کردار سے نکل کر دوسرا کردار نبھانا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ ڈرامہ دیکھنے والے آپ کے ایک کردار میں اس قدر گم ہوجاتے ہیں کہ انہیں دوسرا کردار بامشکل پسند آتا ہے اور یہاں سے ہی ایک اداکارکا امتحان شروع ہوجاتا ہے ۔

ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے نعمان اعجاز نے کہا کہ میں نے بے شمار ڈرامہ سیریلزمیں کام کیا اور میرے پرستاروںنے میری بھرپور پذیرائی بھی کی ۔کوئی اداکار مکمل نہیں ہوتا کیونکہ فن سمند کی طرح لا محدود ہے جس کی کوئی حد نہیں ،ہر روز سیکھنے کے لئے آپ کو کچھ نہ کچھ ضرور ملتا ہے اور میں اپنی زندگی کا کوئی دن ضائع نہیں کرتا اور ہرروز کسی نہ کسی سے کچھ نہ کچھ ضرور سیکھتا ہوں چاہے وہ عمر میں میرے سے چھوٹا ہو یا بڑا ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میری خوبصورتی کوئی بڑا راز نہیں ، انسان کا ظاہر اور باطل خوبصورت ہو تو وہ خود بخور آپ کو خوبصورت نظر آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ صرف سچ بولتا ہوں اور خلوص سے ہر ایک کے لئے جہاں تک بھی ممکن ہو سکے مدد کرنے کی کوشش کرتا ہوں اور کسی کی کامیابیوں سے کبھی حسد نہیں کی اور شاید یہی وجہ ہے کہ خدا کی ذات مجھے بھی کامیابیوں سے نواز رہی ہے ۔