کراچی (عکس آن لائن)ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ سوا دو سال میں کوئی ایک منصوبہ بتادیں جسے پی ٹی آئی نے شروع کیا ہو۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر مرتضی وہاب کی جانب سے پلگرام روڈ، اقبال ہوتی روڈ اور ایم بی دللال روڈ کا افتتاح کر دیا گیا۔اس دوران نشترروڈ پرتقریب سے خطاب کے دوران مرتضی وہاب نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ووٹ تو لے لیے لیکن نوٹ سندھ حکومت خرچ کر رہی ہے، وفاق نے اب تک 82 ملین روپے سندھ کو منتقل نہیں کیے ہیں۔مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ پورا شہر عوامی نمایندوں کے سپرد ہی نہیں کیا گیا، کراچی کے ٹرانسپورٹ کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے، کراچی پاکستان کا انڈسٹریل کیپیٹل ہے، گرین لائن منصوبہ 2015 سے آج تک التوا کا شکار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جنوبی کے اس علاقے میں ہوں جہاں سازشی عناصر نے پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چرایا، اس علاقے کی چار سڑکوں کی مرمت کا کام مکمل کر لیا ہے، سندھ حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود ان سڑکوں کی مرمت کا کام مکمل کیا ہے۔مرتضی وہاب نے کہاکہ عوام کے وسیع تر مفاد میں کام کرتے رہیں گے، یہ سندھ کا حصہ ہے جسے وفاق دینے کو تیار نہیں، ما لی مشکلات کے باوجود کراچی میں صرف سندھ حکومت کام کر رہی ہے۔