اسلام آباد(عکس آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے وکیل کے قتل کے ذمے دار چیئرمین پی ٹی آئی ہیں،اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وکیل عبدالرزاق کے قتل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو نامزد کیا جائے گا، کوئٹہ میں وکیل عبدالرزاق شر کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا ہے، جو بار کے سرگرم رکن تھے،
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ایک کیس بلوچستان ہائیکورٹ میں زیرسماعت تھا، پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف کل سنگین غداری کے کیس کی سماعت ہونی تھی، کیس کے وکیل اور درخواست گزار کو ٹارگٹ کلنگ کر کے شہید کر دیا گیا،عطا تارڑ نے کہاکہ یہ ٹارگٹ کلنگ کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے، عبدالرزاق کے قتل کے ذمے دار چیئرمین پی ٹی آئی ہیں، کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو نامزد کیا جائے گا، قتل کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا، چیئرمین پی ٹی آئی اگر جیل میں ہوتے تو آج یہ واقعہ نہ ہوتا،
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ اور دیگر کیسز میں سٹے دیا گیا، یہ 9مئی کے واقعات پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اب ہم انہیں سٹے آرڈر کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے،واضح رہے کہ کوئٹہ میں ایئر پورٹ روڈ پر فائرنگ سے سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر جاں بحق ہوگئے، وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین غداری کیس کے درخواست گزار تھے۔