اسلام آباد (عکس آن لائن) نومبر 2019ء کے دوران کوئلے سے بجلی کی پیداوار میں 95 فیصد اضافہ ہوا ہے جس سے انرجی مکس کی شرح 27 فیصد تک بڑھ گئی۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے اعدادوشمار کے مطابق نومبر 2019ء میں کوئلے کی مدد سے بجلی کی قومی پیداوار میں 94.5 فیصد اضافہ ہوا اور پیداوار 2030 گیگا واٹ آور تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق نومبر 2019ء بجلی کی مجموعی پیداوار 10ہزار 325 میگاواٹ رہی جبکہ نومبر 2018ء کے دوران بجلی کی پیداوار 10 ہزار 480 میگاواٹ رہی تھی۔ نومبر 2019ء کے دوران آبی وسائل سے بجلی کی پیداوار میں 13 فیصد اضافہ جبکہ قدرتی گیس اور آر ایل این جی سے بجلی کی پیداوار بالترتیب 54 اور 47 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ نیپرا کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ سال 2019ء میں جنوری تا نومبر کے دوران بجلی کی مجموعی قومی پیداوار میں 0.1 فیصد اضافہ ہوا اور اس دوران ایک لاکھ 16 ہزار 460 جی ڈبلیو ایچ بجلی پیدا کی گئی۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے تجزیہ کار راؤ عامر علی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پانی اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ سے فی یونٹ قیمت میں کمی ہوئی ہے اور گزشتہ سال 2019ء کے دوران قیمت میں 5.4 فیصد کمی سے بجلی کی اوسط قیمت 5.18 کے ڈبلیو ایچ رہی ہے۔