راولاکوٹ(عکس آن لائن ) بھارت کے ساتھ جموں کشمیر کی سیز فائر لائن پر برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے پانچ جوان شہید۔ دو جوانوں کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔
شاردہ کے علاقے ملتا کے مقام پر پاک آرمی کی انجینئر کور کے سات جوان برفانی تودے تلے دب گئے۔ رات گئے تک ہونے والی امدادی کارروائیوں کے بعد ریسکیو کے دوران عجب گل اور لطیف احمد کو زخمی حالت میں نکال کر ہسپتال منتقل کر لیا گیا۔ پانچ جوانوں علی احمد ، عبدالحمید، راہب علی، امیر محمد خان، جانثار علی کو نکالنے میں کامیابی نہیں ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق شدید برف باری اور دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو کی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ عام آدمی جائے حادثہ تک نہیں پہنچ سکتا۔ پاک فوج ریسکیو کی کارروائی کر رہی ہے۔ حاصل شدہ معلومات کے مطابق یہ پانچ جوان برف کے تودے تلے دب کر جامع شہادت نوش کر چکے ہیں۔ یہ علاقہ سیز فائر لائن کی آخری حدود پر ہے۔