اسلام آباد(عکس آن لائن)عام انتخابات میں کمشنر راولپنڈی کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کا معاملہ ، الیکشن کمیشن نے انکوائری رپورٹ منظر عام پر لانے کا فیصلہ کرلیا۔کمشنر راولپنڈی کے الزامات کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے ، انکوائری رپورٹ پہلے کمیشن اجلاس میں پیش کی جائے گی، الیکشن کمیشن انکوائری رپورٹ کی سفارشات پر من وعن عمل کرے گا ۔
الیکشن کمیشن نے تحقیقات کے لیے ایک رکنی کمیٹی قائم کی تھی، کمیٹی نے ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں انکوائری کی تھی ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق رپورٹ ڈسٹرکٹ اور ریٹرننگ افسران کے بیانات پر مشتمل ہے، کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ نے کمیٹی میں تحریری بیان جمع کرایا تھا۔
واضح رہے کہ سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے انتخابات میں سنگین بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ بعدازاں ترجمان الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس پاکستان نے سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی سختی سے تردید کر دی تھی۔