بیجنگ (عکس آن لائن) کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہ میں 40 ویں اور 41 ویں آسیان سمٹ کا آغاز ہوا۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق رواں سال آسیان سمٹ کا موضوع ہے “آسیان: مشترکہ طور پر چیلنجز کامقابلہ “۔ وبا کے بعد بحالی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سمٹ میں اس بات پر تبادلہِ خیال کیا جائَے گا کہ آسیان کس طرح خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی تعاون کے جذبے کو برقرار رکھ سکتا ہے۔ یہ ، وبا کے بعد آسیان رہنماؤں کی پہلی بالمشافہ ملاقات ہے۔
کانفرنس کی منتظمین کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سمٹ اور اجلاسوں کا سلسلہ 10 سے 13 نومبر تک منعقد ہوگا۔ آسیان ممالک کے سربراہان کے علاوہ چین، امریکہ، بھارت، آسٹریلیا، کینیڈا، یورپی یونین اور دیگر ممالک کے سربراہان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس عرصے کے دوران، 25 ویں چین-آسیان (10+1) سربراہی کانفرنس،25ویں آسیان-چین، جاپان اور جنوبی کوریا (10+3) سربراہی کانفرنس اور 17ویں مشرقی ایشیا سربراہی کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔
آسیان کا قیام 1967 میں ہوا اور اس کے رکن ممالک میں کمبوڈیا، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، سنگاپور، فلپائن، برونائی، ملائیشیا، ویت نام، لاؤس اور میانمار سمیت دس ممالک شامل ہیں۔