یوم سیاہ

کشمیر پر بھارتی قبضے کے 72 سال مکمل ،پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منا یا گیا

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود پاکستانی و کشمیری شہریوں نے 27 اکتوبر 1947 کو کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ منایا ، ملک بھر میں کاروباری مراکز بند ر ہے ،کشمیریوں کے حق میں جلسے، جلوس، مظاہرے کیے گئے ، ریلیاں نکالی گئیں، سفارت خانوں کو وادی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور دنیا کو پیغام دیا کہ کشمیر پر بھارت کے قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔ اتوار کو کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم سیاہ منا یا جس کا مقصد دنیا کی توجہ اس بات کی طرف مبذول کرانا ہے کہ انہوں نے مادروطن پر بھارت کا غیر قانونی تسلط مسترد کردیا ہے جو اس نے27اکتوبر 1947کے دن قائم کیا تھا۔یہ وہ دن تھا جب بھارتی فوج مقبوضہ جموں وکشمیر میں داخل ہوئی اور کشمیریوں کی امنگوں اوربرصغیر کی تقسیم کے منصوبے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وہاں اپنا تسلط قائم کرلیا۔

دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ عالمی برادری بھارت سے مطالبہ کریگی کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے سے متعلق اپنے وعدے پورے کرے۔مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیوں اور سیمیناروں کے انعقاد سمیت متعدد پروگرام ترتیب دئیے گئے ۔بیرون ملک پاکستانی مشنوں نے بھی اس دن کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے پروگرام منعقد کیے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، مقامی ارکان پارلیمنٹ، تھنک ٹینکس اور دوسری شخصیات کو ان پروگراموں میں مدعو کیا ۔

اس دن کی مناسبت سے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن نے خصوصی پروگراموں کا اہتمام کیا ۔مظلوم کشمیریوں کی حالت زار اجاگر کرنے کیلئے ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل نے بھی خصوصی پروگرام نشر کیے ۔آزاد کشمیر میں کشمیر لبریشن سیل، حریت اور مذہبی تنظیموں کے زیر اہتمام ریاست کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں ریلیاں احتجاج اور مظاہرے کئے گے۔

آزاد کشمیر کے وزیراعظم کی ہدایت پر اضلاع اور تحصیل انتظامیہ کی طرف سے یوم سیاہ منانے کیلئے تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔یوم سیاہ کے حوالے سے بڑی تقریب دارلحکومت مظفرآباد میں ہو ئی جس کی صدارت وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان نے کی تقریب کے اختتام پر ایک ریلی بھی نکالی گئی ۔آزاد کشمیر کے تینوں ریڈیو سٹیشن نے یوم سیاہ کے سلسلے میں خصوصی پروگرام نشر کیے ۔ادھر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ کے سلسلے میں مکمل ہڑتال جاری رہی جہاں پہلے ہی گزشتہ تراسی روز سے مکمل ہڑتال ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں