اسلام آباد (عکس آن لائن ) مقبوضہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف )کے رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت ، کرفیو اور لاک ڈاﺅن کے 101دن ہوگئے ہیں،کشمیر یوں نے بھارتی حکومت کا سفاک چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔
بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض فوج نے محصور کشمیریوں کو بھوکا مرنے پر مجبور کردیا ہے کیونکہ بھارت مقبوضہ وادی میں اپنا غیر قانونی کنٹرول برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ مشال ملک نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ تین مہینوں سے زیادہ عرصے سے محاصرے میں ہیں اور انہیں اپنے رشتہ داروں کے بارے میں کچھ معلوم نہیںکہ کتنے افراد بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید یا زخمی ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وادی میںمریض اور بچے بھوک اور پیاس سے مر رہے ہیں کیونکہ کرفیو نے ان کی زندگی مکمل طور پر مفلوج کردی ہے، علاقے میں پانی سمیت بنیادی اشیائے خوردونوش ختم کردی گئی ہیں۔