کراچی(عکس آن لائن)وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ نالائق وزراء کا بوجھ اب قوم مزید نہیں اٹھاسکتی، کسی نے نالائقوں کا لشکر دیکھنا ہو تو خان صاحب اور اس کی کابینہ کو دیکھے۔بدھ کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی کابینہ اجلاسوں کی خبریں لطیفوں سے کم نہیں، سن کرہنسی آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب اور ان کے نالائق وزرا کا بوجھ اب قوم مزید نہیں اٹھاسکتی۔ کاش کوئی خان صاحب کو بتائے کہ مسئلہ ملکی حالات نہیں آپ خود ہیں۔انہوں نے کہاکہ جس طرح بلیک آئوٹ کی ذمہ داری چھوٹے ملازمین پر ڈالی گئی، اسی طرح وزیر اعظم بھی وزراء پر برہم ہوتے ہیں۔ کسی نے نالائقوں کا لشکر دیکھنا ہو تو خان صاحب اور اس کی کابینہ کو دیکھے۔
ناصر شاہ نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے کل کے اجلاس میں بھی وزراء کی کارکردگی پر عدم اعتمادکیا گیا۔ خان صاحب کو چاہیئے کہ وزرا کو پریس کانفرنسز کے بجائے کام کرنے کا بولیں۔ جب وزرا کو صرف اپوزیشن اور سندھ حکومت کے خلاف لگایا جائے گا، تو وہ کیا کارکردگی دکھائیں گے۔