لاہور (عکس آن لائن) معروف اداکارہ فضا علی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں نشے کے عادی افراد کی حالت زار اور معاشرے میں ان کے ساتھ کئے جانے والے سلوک کو بیان کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ہیش ٹیگ’’ بدنما داغ دھوئیں اور زندگی جیئیں‘‘ کے کیپشن کے ساتھ ایک ویڈیو اپلوڈ کی ہے ۔ ویڈیو کے آغاز میں فضا علی کا کہنا تھا کہ کسی بھی چیز کی لت بہت بری چیز ہے جو انسان کو برباد کردیتی ہے۔
فضا علی نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں عام طور پرنشے کے عادی افراد کو طنز اور توہین کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ان افراد کی حالت کو کبھی بھی سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا تھا۔ فضا علی نے بتایا کہ منشیات کے استعمال کا بڑھتا ہوا رجحان تشویشناک ہے اوراس سے دوچار لوگوں کو کسی بھی بیماری کی طرح طبی طور پر علاج کروانے کی ضرورت ہے۔ فضا علی کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ نشے کا عادی شخص کسی دوسرے کی زندگی نہیں بلکہ اپنی زندگی تباہ کرتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بعض اوقات انسان کو کچھ سمجھ نہیں آتی تو وہ اپنی ناسمجھی میں اس راہ کا انتخاب کرتے ہیں۔ فضا علی نے درخواست کی کہ ایسے لوگوں کے ساتھ اچھا برتا کریں، انہیں طنز کا نشانہ بنانے کے بجائے ان کی کانسلنگ کریں۔