اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کرکٹ کو نچلی سطح پر فروغ دینے کیلئے قابل عمل پلان طلب کرلیا اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ کو ٹاسک دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق محسن نقوی نے کہا کہ اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے، پاکستان بھر میں اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے درمیان ٹورنامنٹ کے انعقاد کا پلان بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے نچلی سطح پر ٹورنامنٹ کا انعقاد ضروری ہے، ملک بھر میں کالجز اور یونیورسٹیز لیول پر خواتین کے ٹورنامنٹ بھی کرائے جائیں، خواتین کو بھی کرکٹ کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، اس کو سامنے بھی لانا ہے اور نکھارنا بھی ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ابھرتے ہوئے نئے پلیئرز کی پروفائلنگ کی ہدایت بھی کی ہے۔