فواد چوہدری

کرپشن کے پیسے معاف نہیں کر سکتے، یہ پاکستانیوں کا پیسہ ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد(عکس آن لائن) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کابینہ نے نواز شریف کو انسانی بنیادوں پر باہر جانے کی اجازت دی ہے۔ نواز شریف واپس آئیں گے تو سیکیورٹی بانڈ کے پیسے واپس مل جائیں گے، کرپشن کے پیسے معاف نہیں کر سکتے، یہ پاکستانیوں کا پیسہ ہے۔

بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن نواز شریف کی صحت پر سیاست نہ کرے، یہ صرف سیاسی نہیں قانونی مسئلہ بھی ہے، عدالت ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالتی تو مسئلہ نہیں تھا، وہ باہر چلے گئے اور کل عدالت کہے کہ نواز شریف کو پیش کریں تو کیسے کریں گے۔ ن لیگ میں لیڈر شپ کی لڑائی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی فیملی کو گارنٹی دینی ہے، نواز شریف کو جانے دیا تو زرداری و دیگر بھی بغیر شرط جانے کا کہیں گے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کل کابینہ میں طویل میٹنگ ہوئی، وزیر اعظم کی تمام معاملات پر گہری نظر ہے۔

انسانی بنیاد پر کابینہ نے معاملے کا جائزہ لیا ہے۔ کابینہ نے انسانی بنیادوں پر باہر جانے کی اجازت دی ہے۔ ذیلی کمیٹی کہہ رہی ہے ماضی میں ایسی مثال نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، مریم نواز اور خواجہ آصف کرسی سنبھالنے کی دوڑ میں ہیں، نواز شریف کو سیکیورٹی بانڈز دینے دیں۔ نواز شریف واپس آئیںگے تو پیسے واپس مل جائیں گے۔ نواز شریف گارنٹی تو دیں کہ ٹھیک ہو کر واپس آجائیں گے۔ اسحق ڈار بھی واپسی کی یقین دہانی کرواتے رہے۔ حسین نواز اور حسن نواز بھی واپس نہیں آئے۔فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ہم پیسے معاف نہیں کر سکتے، یہ پاکستانیوں کا پیسہ ہے۔ برطانیہ میں انہوں نے جائیدادیں چھپائی ہوئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں