لاہور (عکس آن لائن ) نامور اداکارہ جویریہ عباسی نے کہاکہ ملک سے محبت کا اظہار کرنے کیلئے کوئی خاص دن نہیں بلکہ ہمیں ہر روز کسی نہ کسی اچھے اقدام سے ملک سے اپنی محبت کا اظہار کرنا چاہیے ،پاکستان کے قیام کیلئے ہمارے بڑوں نے جتنی قربانیاں دی تھیں بدقسمتی سے ہم نے انہیں فراموش کر دیا ہے ۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کیلئے جدوجہد کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والوں کاخون آج بھی ہم پر ایک قرض کی طرح ہے ۔ ہم سب کی ذمہ دار ی ہے ہے کہ اتحاد و یگانگت سے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوںنے کہاکہ ملک کا سب سے بڑا المیہ کرپشن ہے اورجب تک اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا نہیں جاتامعاشرے میں بہتری نہیں آسکتی ۔
اس کے خاتمے سے ہی پسے ہوئے طبقات کو صحت اورتعلیم کی معیاری سہولتیں مل سکیں گی بصورت دیگر یہاں امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا جائے گا۔ کرپشن نے ہمارے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے جس سے ہم ترقی کی بنیادنہیں رکھ سکتے ۔