ہمایوں اختر خان

کرپشن کے بوجھ کیوجہ سے (ن) ،پی پی میں ان ہاﺅس تبدیلی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے ‘ ہمایوں اختر خان

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی ان ہاﺅس تبدیلی کی خوا ہش ان کے سینے میں ہی دم توڑ جائے گی البتہ کرپشن کے بوجھ کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں ان ہاﺅس تبدیلی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے ،

بظاہر بھائی کی تیمار داری کےلئے موجود شہباز شریف کا پارٹی رہنماﺅں کو لندن طلب کرنا ثابت کرتا ہے کہ ان کی سیاسی کشتی ڈوب رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب میں خطاب اور پارٹی رہنماﺅں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی اور ان کے حواری یہ امیدیں لگائے بیٹھے تھے کہ تحریک انصاف کی جانب سے حکومتی باگ ڈور سنبھالتے ہی ملک ڈیفالٹ کر جائے گا اور عوام کو کرپشن میں لتھڑے ہوئے سابق حکمرانوں کی یاد ستانے لگے گی لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا اور وزیر اعظم عمران خان کی 15ماہ کی کارکردگی نے اپوزیشن کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے اور انہیں اب کچھ سمجھ نہیں آرہا ۔

قومی احتساب بیورو خود مختار ادارہ ہے اور وہ اپنے وضع کئے گئے قانون کے مطابق احتساب کاعمل جاری رکھے ہوئے ہے ۔ موجودہ دور میں اتنا ضرور ہے کہ حکومت نے ماضی کی طرح احتساب کے اداروں پر کوئی دباﺅ نہیں ڈالا جس کی وجہ سے اپوزیشن نیب اور حکومت کے خلاف بے بنیاد اور منفی پراپیگنڈا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی آگئی ہے اور کرپشن کیسز میں بڑی بڑی شخصیات کی گرفتاری اس کامنہ بولتا ثبوت ہے ، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی ان ہاﺅس تبدیلی کی خواہش ان کے سینے میں ہی دم توڑ جائے گی ۔

یہ طے ہے کہ دونوںجماعتیں کرپشن کے بوجھ کے ساتھ سیاست نہیں کر سکیں گی اور دونوں جماعتوں کے اپنے اندر تبدیلی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے اور آئندہ عام انتخابات تک بہت کچھ واضح ہو جائے گا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت نے سخت اقدامات کے طور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کیا گیا ہے اور چند روز میں اس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں