اسلام آباد (عکس آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وباکے کیسز میں اضافے کے پیش نظر عوام سے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے ۔
اپنے بیان میں صدر مملکت کی عوام سے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وبا پر کافی حد تک قابو پا چکے تاہم، مکمل قابو پانے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل ناگزیر ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے سمارٹ لاک ڈاؤن اور لوگوں کو بیروزگاری سے بچا کر موثر طریقے سے وبا کا مقابلہ کیا۔صدر عارف علوی نے کہاکہ ہم کورونا کے خلاف جنگ کافی حد تک جیت چکے ہیں تاہم ابھی مکمل کامیابی حاصل نہیں ہوئی، جن ممالک میں کورونا وائرس میں کمی آ ئی ان میں یہ دوبارہ پھیل رہا ہے۔
صدر مملکت نے کہاکہ پاکستانی عوام نے احتیاط کی، مساجد اور بازاروں میں ماسک پہنے، سماجی فاصلہ بر قرار رکھا۔ انہوںنے کہاکہ کورونا وبا دوبارہ پھیلنے کے تناظر میں مزید چند مہینوں کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے، وزیراعظم عمران خان نے لوگوں کو بے روزگار نہیں ہونے دیا اور احساس پروگرام کے ذریعے غریبوں کی مدد کی، علماء کرام اور میڈیا نے کورونا سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر عارف علوی نے کہاکہ عوام ماسک پہنیں،سماجی فاصلہ رکھیں اور بار بار ہاتھ دھوئیں۔ انہوںنے کہاکہ شادی ہالز، گھروں میں اجتماعات کے دوران احتیاط کریں بغل گیر نہ ہوں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔