وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

کرونا وائرس پر قابو پانے کے لئے چین کے عوام اور قیادت کے ساتھ ہیں،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہپاکستان کی حکومت، عوام اور قیادت کرونا وائرس پر قابو پانے کے لئے چین کے عوام اور قیادت کے ساتھ ہے اور اس ضمن میں ان کی جرات مندانہ کوششوں اور اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیںچینی حکام نے کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے مثالی کوشش کی ہیں۔ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے چینی کوششوں سے متعلق دئیے گئے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے اس وبا پر قابو پانے اور اس کے تدارک کے لیے جس بڑے پیمانے پر ٹھوس اور موثراقدامات اٹھائے گئے ہیں،

اس نوعیت کے چیلنج سے نمٹنے میں ان کی مثال نہیں ملتی۔کوئی شک نہیں کہ چین اس چیلنج پر قابو پانے میں کامیاب ہوگا، اعلی چینی قیادت وائرس سے نمٹنے کی کوششوں کی نگرانی کر رہی ہے، وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری نے بڑے پیمانے پر چین کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا ہے جبکہ ڈائریکٹر جنرل عالمی ادارہ صحت نے حال ہی میں چین کا دورہ کیا اور اس وبا سے نبردآزما ہونے کے لیے چین کی سنجیدگی کو سراہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی چین کی کوششوں پر اسے خراج تحسین پیش کیا ہے۔کرونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں چینی بھائیوں کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔ ہم چینی حکومت کے بے حد شکر گزار ہیں کہ انہوں نے چین میں مقیم پاکستانی شہریوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی۔ کوئی شک نہیں کہ برادر چینی عوام اپنی روایتی جرات اور بہادری سے اس چیلنج میں کامیاب اور سرخرو ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں