قاہرہ (عکس آن لائن)مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر شوقی علام نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کا شکار بن کر فوت ہونے والے لوگ شہید ہیں۔ ان کی تجہیزو تکفین اور مقامی قبرستانوں میں تدفین کی مخالفت کرنے والے اللہ کے حکم کی نافرمانی کے مرتکب ہیں۔
عرب ٹی وی کے مطابق مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر شوقی علام نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرونا سے فوت ہونے والا شہید ہے۔ جو شخص اس کی تدفین کی مخالفت کرے گا وہ اسے اللہ کے دیے حق سے محرم کرنے کا مرتکب ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی نے انسان کو عزت اور تکریم سے نوازا ہے اور یہ تکریم اس کی زندگی ہی نہیں بلکہ اس کی موت کے بعد بھی کی جانی چاہیے۔ تدفین کے معاملے میں امیر، غریب، مسلمان غیر مسلم، تندرست اور بیمار میں کوئی تفریق اور امتیاز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی عزت وتکریم کا تقاضا ہے کہ فوت ہونے کے بعد عزت کے ساتھ اسے مسلمانوں کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے۔
جو لوگ اس کی مخالفت کرتے ہیں وہ اللہ کے حکم کی نافرمانی اور میت کو دیے گئے حق سے اسے محروم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔