لاہور (عکس آن لائن) پاکستان میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ،میو اسپتال میں کورونا وائرس کا مشتبہ مریض دم توڑ گیا، مذکورہ مریض ایران سے براستہ مسقط پاکستان آیا تھا
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس سے مبینہ طور پر پہلے مریض کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے، نجی ٹی وی کے مطابق میو اسپتال کے سی ای او پروفیسراسد اسلم نے میڈیا کو بتایا کہ لاہور کے میواسپتال میں داخل کورونا وائرس کا مشتبہ مریض دم توڑ گیا ہے۔
سی ای او میو اسپتال کے مطابق گزشتہ رات 50سال کے شہری کو حافظ آباد سے میو اسپتال لایا گیا تھا، مشتبہ مریض ایران سے مسقط اور پھر وہاں سے پاکستان آیا تھا اس میں کورونا کی کچھ علامات بھی ظاہر ہوئی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ مریض کے کوروناوائرس ٹیسٹ کے نمونے لیبارٹری بھجوائے ہیں، کورونا وائرس ٹیسٹ کی حتمی رپورٹ ابھی آنا باقی ہے۔
سی ای او میو اسپتال نے کہا کہ مریض کو بلیڈنگ، سانس میں دشواری، نزلہ زکام اور بخار تھا، مریض میو اسپتال کے آئسولیشن وارڈز میں زیرعلاج تھا۔مریض کی موت سے متعلق ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ جاں بحق مشتبہ مریض کے کچھ نمونے ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھجوادیئے گئے ہیں، 3بجے لیب رپورٹ آنے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آسکیں گی۔