کرد فورسز

کرد فورسز کا سرحدی علاقے میں مجوزہ محفوظ زون کو خالی کرنے کا اعلان

دمشق(عکس آن لائن)کرد فورسز نے اعلان کیا ہے کہ انھوں نے شام کے ترکی کے ساتھ واقع سرحدی علاقے میں مجوزہ محفوظ زون کو خالی کردیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام کے شمال مشرقی علاقے میں کرد فورسز کے کمانڈر نے امریکا کو مطلع کیا کہ انھوں نے جنگ بندی سمجھوتے کے تمام تقاضوں کو پورا کردیا ہے۔

تاہم ترکی نے فوری طور پر ان کے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی ہے۔ترکی نے نو اکتوبر کو شام کے سرحدی علاقے میں امریکا اور یورپ کی حمایت یافتہ کرد فورسز کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔اس کا مقصد کرد ملیشیا کوشام کے ترکی کے ساتھ واقع سرحدی علاقے سے پیچھے ہٹانا تھا۔وہاں ترکی ایک محفوظ زون قائم کرنا چاہتا ہے۔

گذشتہ جمعرات کو امریکا اور ترکی کے درمیان اس کارروائی کے خاتمے کے لیے جنگ بندی کا ایک سمجھوتا طے پایا تھا اور ترکی کی مسلح افواج نے کرد ملیشیا کے خلاف پانچ روز کے لیے جنگی کارروائیاں روک دی تھیں۔ اس کے بعد سے علاقے میں صورت حال قدرے بہتر ہے۔ البتہ اس عرصے میں بعض جگہوں پرمتحارب فورسز میں وقفے وقفے سے جھڑپیں ہوتی رہی ہیں یا انھوں نے کہیں کہیں ایک دوسرے پر گولہ باری کی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں