بینرز آویزاں

کرتاپورراہدی ،بھارت میں عمران خان کے بینرز آویزاں، ہیرو قرار

نئی دہلی(عکس آن لائن)کرتارپور راہداری کھولنے پر بھارتی پنجاب میں وزیراعظم عمران خان کے پوسٹرز اور بینرز آویزاں کردیے گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کو اپوزیشن کی جانب سے کرتارپور راہداری کے معاملے پر شدید تنقید کا سامنا ہے جب کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور نوجوت سنگھ سدھو کے پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جن میں کرتارپور راہداری کے معاملے پر دونوں شخصیات کو ہیرو قرار دیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا تھاکہ یہ پوسٹرز امرتسر کے میونسپل کونسلر ہرپال سنگھ کی جانب سے لگوائے گئے ہیں جو نوجوت سنگھ سدھو کے انتہائی قریبی سمجھے جاتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور کانگریس رہنما نوجوت سدھو کے پوسٹر پر یہ بھی تحریر کیا گیا ہیکہ کرتارپورداری کھلوانے کو حقیقت بنانے پر عمران اور سدھو ہمارے ہیرو ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پنجاب کے کئی علاقوں میں منگل کی دوپہر تک یہ بینرز دیکھے گئے جنہیں بعد میں فوری طور پر اتروا لیا گیا۔

واضح رہے کہ کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں سابق کرکٹر اور کانگریس رہنما نوجوت سدھو وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان آئے تھے جس کے بعد انہیں بھارت میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔وزیراعظم عمران خان کرتارپورراہداری کا باضابطہ افتتاح 9 نومبر کو سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں