اسلام آباد (عکس آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرتارپور سکھ یاتریوں کے خیرمقدم کے لیے تیار ہے۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں سکھ مذہب کے پیشوا بابا گرونانک جی کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات کے لئے ریکارڈ مدت میں کرتار پور راہداری تیار کرنے پر اپنی حکومت کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کرتار پور سکھ یاتریوں کے خیر مقدم کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ دوسری طرف پاکستان بھارت زیروپوائنٹ پر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا ہے، یاتریوں کو گوردوارہ کرتارپور لانے کے لیے بسیں پہنچا دی گئیں، بزرگ سکھ یاتریوں کے لیے علیحدہ منی گاڑیاں دستیاب ہوں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ سروربنائے گئے ہیں، بھارت سے آئے سکھ یاتری گوردوارہ میں الگ گیٹ سے داخل ہوں گے، بیرون واندرون ملک سے آنیوالے یاتری علیحدہ گیٹ سے داخل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق بارڈر ٹرمینل پر تمام کانٹرز بھی مکمل کرلیے گئے، سکھ یاتریوں کے لنگر کے لیے 40ایکڑ زمین پر سبزیاں اگائی جائیں گی، بڑے لنگر کھانے میں ایک وقت میں ڈھائی ہزار یاتری کھانا کھاسکیں گے۔زیروپوائنٹ سے پیدل آنے والوں کے لیے فٹ پاتھ بنادیے گئے، نجی بینکوں کی مختلف برانچیں بھی کرتارپور میں کھول دی گئیں، گوردوارہ کی تکمیل کے لیے 3شفٹوں میں 2ہزار مزدوروں اور انجینئرز نے کام کیا۔