کراچی(عکس آن لائن)کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں لگنے والی آگ سے 50 سے زائد باڑے اور ان میں کھڑی متعدد بھینسیں جل گئیں،آگ لگنے کی ابتدائی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے اور گذشتہ شب چلنے والی تیز ہواؤں سے آگ کی شدت اور پھیلاؤ میں اضافہ ہوا۔
کراچی کے مضافات سرجانی بھینس کالونی کے باڑوں میں آگ لگی اور دیکھتے دیکھتے اطراف میں پھیل گئی۔ علاقہ غیر آباد اور شہر سے دور ہونے کے باعث فائر بریگیڈ بھی تاخیر سے پہنچی اور باڑہ مالکان اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے،آگ نے 50سے زائد باڑوں کو لپیٹ میں لیا تو آگ کی لپیٹ میں آنے والے درجنوں مویشی جھلس کر ہلاک ہوگئے ۔
پولیس نے آتشزدگی کا سبب شارٹ سرکٹ اور اس میں اضافے کی وجہ بھوسے کا ذخیرہ قرار دیا ہے۔ فائرٹینڈرز نے واٹر بورڈ کے اٹھارہ باوزر کی مدد سے آگ پر تین گھنٹے میں قابو پایا۔ڈیری فارمرز کا دعوی ہے کہ آگ لگنے سے ڈھائی سو کے قریب باڑے جل گئے اور متعدد بھینسیں مرگئی ہیں۔پی ٹی آئی کے ایم این اے آفتاب جہانگیر سمیت دیگر جماعتوں کے علاقائی رہنما بھی موقع پر پہنچے، پی ٹی آئی رہنماوں نے الزام لگایا کہ فائر بریگیڈ دیر سے پہنچی ،انہوں نے وزیر اعلی سندھ و میئر کراچی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔دوسری جانب ایس ایس پی ویسٹ فدا حسین نے کہا کہ آگ سے 25 باڑوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 8 بھینسیں بھی جل گئی ہیں، آگ بجلی کا تار بھوسے پر گرنے کی وجہ سے لگی۔