کراچی (عکس آن لائن)کراچی واٹر بورڈ حکام نے شہر میں 3 دن کے لیے تمام سرکاری ہائیڈرنٹ بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے 72 گھنٹوں کے لیے شہر میں پانی کی فراہمی بند رکھنے کا اعلان کردیا ۔ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر مرمتی کام کی وجہ سے بدھ سے شہر کو پانی کی فراہمی بند ہو جائے گی جس کی وجہ سے 3 دن تک تمام سرکاری ہائیڈرنٹ بھی بند رہیں گے۔
ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے پانی ذخیرہ کرلیں اور احتیاط سے استعمال کریں۔ترجمان کا بتانا ہے کہ کراچی کو فراہمی آب کی بہتری کے لیے واٹربورڈ کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کیے جانیوالے امور کی انجام دہی کے کام کا آغاز بدھ16اکتوبر کو صبح 11 بجے کیا جائے گا، جبکہ اس دوران کے الیکٹرک کی جانب سے بھی گرڈ اسٹیشن کے مرمتی کام سرانجام دیے جائیں گے۔
واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ کراچی کو دھابیجی کے 13پمپس سے پانی کی فراہمی معطل رہے گی جبکہ دیگر 8 پمپس معمول کے مطابق پانی فراہم کرتے رہیں گے۔حکام کے مطابق شہریوں کو پریشانی سے بچانے کے پیش نظر مرمتی کام کو وقت مقررہ سے قبل مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، تاہم شہری آئندہ 72 گھنٹوں کے لیے پانی احتیاط سے استعمال کریں۔واضح رہے کہ واٹر بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ مر متی کام کے بعد جب دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کو کھولا جائے گا تو فراہمی آب کو معمو ل پر آنے میں بھی کافی وقت لگتا ہے۔