وزیراعظم شہبازشریف

کراچی میں بدترین بارشیں، وزیراعظم شہباز شریف کا زر تلافی کا اعلان

کراچی (نمائندہ عکس)کراچی میں بدترین بارش کے باعث شہریوں کے نقصان کا تخمینہ لگا کر وزیر اعظم شہباز شریف نے زر تلافی کا اعلان کر دیا۔ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، ڈاکٹر خالد مقبول نے وزیر اعظم کو بارشوں میں کراچی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے شہریوں کے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا،

اسی دوران خالد مقبول نے مشکل حالات میں کراچی کے شہریوں کی داد رسی کا مطالبہ کیا۔ایم کیو ایم کے مطالبے پر وزیر اعظم نے بارشوں میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کیلئے فی کس 10 لاکھ روپے کا وعدہ کیا، شہباز شریف نے بارشوں میں شہریوں کے نقصان کا تخمینہ لگا کر زر تلافی کا اعلان کیا۔ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کراچی کے شہریوں کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف سے اظہار تشکر کیا۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی میں موسلا دھار بارشوں کے سبب پیدا ہونے والی تباہ کن صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے شہری انتظامیہ کو تعاون کی پیشکش کی ہے۔وزیراعظم نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ابھی وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے بات ہوئی اور کراچی میں موسلادھار بارشوں سے ہونے والے افسوسناک نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، مجھے یقین ہے حکومتِ سندھ اس موقع پر فوری حرکت میں آئے گی اور وزیراعلی سندھ کی باصلاحیت قیادت میں زندگی کو معمول پر لے آئے گی، میں نے انہیں ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں