ہمایوں اختر خان

کامیاب پالیسیوں سے لارج اسکیل مینو فیکچرنگ میں ڈبل ڈیجٹ گروتھ ریکارڈ کی گئی ‘ ہمایوں اختر خان

اسلام آباد(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت لارج اسکیل مینو فیکچرنگ میں ڈبل ڈیجٹ گروتھ ریکارڈ کی گئی ہے ، ماضی کی نام نہاد تجربہ کار حکومت کے 5.5فیصد جی ڈی پی گروتھ کے پیچھے تاریخ کا بلند ترین تجارتی ،مالیاتی اورکرنٹ اکائونٹ خسارہ تھا،اپوزیشن براڈ شیٹ اور ریکو ڈک کے معاملات کو موجودہ حکومت کے گلے ڈالنے کی ناکام کوشش کررہی ہے،جسٹس (ر) عظمت سعید کبھی بھی متنازعہ نہیں رہے اور ان کا صاف ستھرا کیرئیر ہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے حلقہ این اے 131کے پارٹی رہنمائوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن کویہ ہضم نہیں ہورہا کہ کس طرح وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کو معاشی بھنور سے نکال کر درست میں گامزن کر دیا ہے ،اپوزیشن نے تویہ امیدیں لگا رکھی تھیں کہ ان کے چھوڑے ہوئے معاشی مسائل کی وجہ سے پاکستان خدانخواستہ دیوالیہ ہو جائے گا اور ملک کی باگ ڈوردوبارہ انہی کے ہاتھ میں آ جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے تجارتی خسارے میںتقریباً40فیصد کمی اور کرنٹ اکائونٹ خسارے کو سر پلس میں بدلااس کی بنیادی وجہ کھپت کی بجائے پیداواری اورصنعتی معیشت میں اضافہ ہے ۔ اسی طرح حکومت تعمیراتی شعبے کی سرپرستی اور معاونت کررہی ہے ،حکومت ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے 300ارب روپے کی سبسڈی دے گی ،بینکوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ اپنے پورٹ فولیو کا 5فیصد جو 330ارب روپے بنتا ہے گھروں کی تعمیر کے لئے قرض کیلئے مختص کریں۔انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ کامعاملہ2000ء کا ہے اور اپوزیشن اسے بھی ہمارے کھاتے میں ڈالنا چاہتی ہے، اسی طرح ریکو ڈک کے کیس میں جو 6ارب ڈالر کا ایوارڈ ہے اسے بھی ہمارے کھاتے میں ڈالنے کی ناکام کوشش ہو رہی ہے لیکن عوام با شعور ہیں وہ تاریخ اورحقائق سے واقف ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں