فیصل آباد (عکس آن لائن) کاشتکار وں کو ٹنل میں ٹماٹر کی کاشت کے لئے تیار کی گئی اکتوبر کاشتہ نرسری فوری طور پر ٹنل میں منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیا ہے کہ کاشتکار اچھے نکاس والی ذرخیز میرا زمین جس میں نامیاتی مادوں کی پوری تعداد موجود اور نمی دیر تک برقرار رکھنے کی صلاحیت ہو کا چناؤ کریں تاکہ ٹماٹر کی اچھی پیداوار حاصل ہو سکے۔
ماہرین زراعت نے بتایاکہ ٹماٹر کے پودے کو مختلف مراحل میں مختلف درجہ حرارت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ جب پودا اگاؤ کی حالت میں ہو تو اس کے لئے موزوں ترین درجہ حرارت 16 سے29 ڈگری سینٹی گریڈ ، بڑھوتری کے موقع پر21 سے24 ڈگری سینٹی گریڈ ، پھل بنتے وقت رات کو 14سے17 اور دن کے وقت 14 سے 19 ڈگری سینٹی گریڈ ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایاکہ ٹماٹرکا رنگ سرخ ہونے پر درجہ حرارت 20 سے24 ڈگری سینٹی گریڈ ہونا بھی ضروری ہے کیونکہ اس سے کم یازیادہ درجہ حرارت کی صورت میں ٹماٹر کاپھل متاثر ہوسکتاہے۔