قصور (عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ٹنل کے اندر لگائی گئی سبزیوں کی آبپاشی اور کھادکا استعمال جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کاشتکار بوقت ضرورت پڑنے پر سپرے بھی کریں تاہم سپرے کرنے اور کھادڈالنے کے بعد ٹنل کا منہ بندنہ کیاجائے تاکہ گیس پیداہونے سے فصل کو نقصان نہ پہنچے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت(توسیع) قصورمحمدنویدامجد نے بتایا کہ ٹنل ٹیکنالوجی کے ذریعے سبزیاں کاشت کرنے والے کاشتکار دن کے وقت تقریباً صبح 9بجے سے سہ پہر4بجے تک ٹنل کے منہ کو دونوں اطراف سے کھلارکھیں تاکہ ٹنل کے اندر زیادہ نمی پیدانہ ہو۔
انہوں نے بتایا کہ ٹنل کے اندر زیادہ نمی مختلف بیماریوں کوجنم دے سکتی ہے اسلئے اگر ممکن ہوتو ٹنل میں خارج کرنے والا ایگزاسٹ فین بھی لگا دیناچاہئیے تاکہ بے جا نمی کو خارج کرنے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ مناسب درجہ حرارت 15سے 30ڈگری سینٹی گریڈ تک ہے لہذا کاشتکار ٹنل کا درجہ حرارت مناسب رکھنے کے لئے بھی اقدامات یقینی بنائیں۔