فیصل آباد۔ (عکس آن لائن)نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ٹماٹر کی شاندار فصل حاصل کرنے کیلئے ٹنل میں سالار ایف ون، ساحل ایف ون، نقیب کی کاشت کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ مذکورہ اقسام کی کاشت سے ٹماٹر کی بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹماٹر کی ٹنل میں کاشت کیلئے دو طرح کی اقسام سے استفادہ کیاجاسکتاہے جن میں ایک لمبے قد والی دوسری چھوٹے و درمیانے قد والی قسم شامل ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ حالیہ تجربات سے یہ بات بھی ثابت ہوئی ہے کہ ٹنل میں کاشت کیلئے ٹماٹر کی دوغلی یعنی ہائبرڈ اقسام زیادہ موزوں ہے۔
انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کی سالار ایف ون قسم عمومی کاشت کیلئے منظور کی گئی ہے جو 72 ٹن فی ایکڑ تک پیداوار دیتی ہے۔اسی طرح ساحل ایف ون نامی لمبے قد والی امپورٹڈ قسم میں ٹماٹر کاسائز قدرے بڑا اور شکل لمبوتری دل نما ہوتی ہے اور یہ قسم بھی اچھی پیداواری صلاحیت کی حامل ہے۔ انہوں نے بتایاکہ نقیب نامی قسم چھوٹے قدکی عمومی کاشت کیلئے منظور شدہ ہے جو 21 سے 25 ٹن فی ایکڑ پیداوار دیتی ہے۔