قصور (عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ٹماٹر اورمرچ کی کاشت بذریعہ پنیری کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار موسم گرماکی سبزیات کی کاشت کے دوران ماہرین زراعت کی سفارشات پر عملدرآمدیقینی بنائیں اورٹماٹر و مرچ کی کاشت کیلئے ایسی پنیری کاانتخاب کریں جس کی عمر30 سے 35 دن تک ہونیزپنیری کو پٹڑیوں پر سفارش کردہ فاصلہ کے مطابق منتقل کیاجائے تاکہ اچھی پیداوار اور بہترین فصل کاحصول ممکن ہوسکے۔
ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا کہ کریلے‘ گھیاکدو‘ چپن کدو‘ کالی توری‘ بھنڈی توری‘ بینگن ‘ٹماٹر‘سبزمرچ ‘شملہ مرچ‘ ترکھیرے کی کاشت کا بہترین وقت فروری و مارچ تک ہے کیونکہ یہ سبزیاں 20سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر بہترین نشوونما پاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے زیادہ کم درجہ حرارت پیداوارپر منفی اثرات مرتب کرتاہے اور فصل بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار سبزیات کے اگاؤ کیلئے ایسے بیج کا بھی انتخاب کریں جس کے اگاؤکی شرح80فیصد سے کم نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں کی کاشت کیلئے اچھے نکاس اور نامیاتی مادے والی زرخیز میرازمین منتخب کی جائے۔