فیصل آباد(عکس آن لائن) ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ معتدل و خشک موسم پیاز کی زیادہ پیداوار کیلئے انتہائی موزوں ہے،کاشتکار رواں ماہ کے دوران نرسری کی کاشت مکمل کرلیں تاکہ دسمبر اور جنوری میں نرسری کی کھیتوں میں منتقلی یقینی ہوسکے۔ ماہرین نے بتایاکہ ایک ایکڑ رقبے پر پیاز کی کاشت کی غرض سے پنیری تیار کرنے کیلئے3 کلوگرام بیج اور 4 سے5 مرلے زمین درکار ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پنیری کاشت کرنے کیلئے زمین کو اچھی طرح تیار کرتے ہوئے چھوٹی چھوٹی مستطیل نما کیاریاں بنانی چاہئیں اور کاشتکار ان کیاریوں میں 7سے10 سینٹی میٹریا3 تا 4 اِنچ ،3 سے 4 سینٹی میٹریا ایک اِنچ کے فاصلے پر گہری لائنیں لگا کر ان میں بیج کاشت کریں اور بیج کے اوپر پتوں کی گلی سڑی کھاد ڈال دیں جس کے بعد اسے سرکنڈے یا پرالی وغیرہ سے ڈھانپ دیا جائے اور فوارے سے اس طرح آبپاشی کی جائے کہ پانی کیاریوں میں کھڑا بھی نہ ہو اور نمی بھی برقرار رہے۔انہوں نے کہاکہ پیاز سے نفع کمانے کیلئے نومبر کے دوسرے ہفتہ میں 4 کلو گرام بیج سے10 مرلہ جگہ پر نر سری کاشت کی جائے۔
انہوں نے کہاکہ پیاز کی کاشت سے پہلے مٹی پلٹنے والا ہل چلائیں اور بعد میں دو مرتبہ کلٹیویٹر چلا کر زمین کو کھلا چھوڑ دیں نیز کاشت سے تقریباََ ڈیڑھ ماہ پہلے 10سے 12 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد فی ایکڑ کے حساب سے ڈالی جائے اور اس میں 20 کلو گرام یوریا ملاکر زمین کو پانی لگادیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار پنیری کو کھیت سے وتر حالت میں اس طرح اکھاڑیں کہ اس کی جڑیں بالکل نہ ٹوٹیں۔