مہندی کی نرسری

کاشتکاروں کو مہندی کی نرسری کی کاشت فوری شروع کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مہندی کی نرسری کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اپریل کا مہینہ مہندی کی نرسری کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ہے کیونکہ اپریل میں مہندی کی نرسری کاشت کرکے 8 سے 10 انچ ہونے پر اسے جولائی میں کھیتوں میں منتقل کیا جا سکتاہے جبکہ میرا اور چکنی میرا زمین اس کی کاشت کیلئے بہترین ہے تاہم چونکہ یہ تھوڑا بہت تھور بھی برداشت کر لیتی ہے اسلئے اسے بھیرہ اور سرگودھا کی زمینوں میں بھی وسیع رقبہ پر آسانی سے کاشت کیا جا سکتا ہے۔

محکمہ کے ترجمان نے بتایا کہ مہندی ایک جھاڑی نما پودا ہے جو سال میں 3 سے 4 بار کٹائی دیتا ہے اور ایک کٹائی سے فی ایکڑ 30 سے 35 من تک پتیاں حاصل ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایک دفعہ نرسری منتقل کرنے کے بعد گوڈی اور پانی کا خاطر خواہ بندوبست ہوجائے تو فصل 10 سے 15 سال تک چل سکتی ہے۔مزید بر آں محکمہ کے ترجمان نے چارہ جات کے کاشتکاروں کو چری کی فی ایکڑ کاشت کیلئے 32کلو گرام بیج استعمال کرنے کی سفارش بھی کی ہے اور کہا ہے کہ چری کی کاشت کیلئے بھاری میرا زمین کا انتخاب کیا جائے جہاں پانی کے نکاس کا مناسب انتظام ہو تاکہ فی ایکڑ بہترین پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔

انہوں نے بتا یا کہ چری کی اچھی فصل حاصل کرنے کیلئے زمین کی تیاری انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے لہذا چارہ جات کے کاشتکار چری کی فصل کاشت کرنے سے قبل تین سے چار مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر زمین کو نرم اور بھربھرا کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ چری کی ترقی دادہ اقسام جے ایس 2002،ہیگاری، جے ایس 26،چکوال جوار، جوار 2011 کی کاشت سے زیادہ پیداوار کا حصول ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوبر کی گلی سڑی کھاد بھی بمپر کراپ دینے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں