فیصل آباد (عکس آن لائن) ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آبادکے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رواں ماہ کے دوران ٹنل کے اندرلگائی گئی سبزیوں کی آبپاشی اورکھاد کااستعمال جاری رکھیں تاہم سپرے کرنے اورکھاد ڈالنے کے بعد ٹنل کامنہ بند نہ کیاجائے تاکہ گیس پیداہو کر ٹنل میں موجود سبزیوں کے پودوں کونقصان نہ پہنچائے۔انہوں نے کہاکہ دن کے وقت صبح 9 بجے سے سہ پہر4بجے تک ٹنل کے منہ کو دونوں اطراف سے کھلا رکھا جائے اس طرح ٹنل کے اندرزیادہ نمی پیدا نہیں ہو گی کیونکہ زیادہ نمی پودوں میں مختلف بیماریوں کاموجب بن سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر قدرتی طور پر ٹنل سے نمی یا گیس کا اخراج نہ ہو رہا ہو تووہاں وقتی طور پر ایگزاسٹ فین بھی لگایاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ مناسب ایگزاسٹ ہونے سے ٹنل کے اندر درجہ حرارت معتدل رہے گااورنمی بھی خارج ہوسکے گی۔ انہوں نے کہاکہ ٹنل کے اندر درجہ حرارت 15 سے 30ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ہونا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار جنوری کے رواں ایام کے دوران پودوں کی ترتیب، کانٹ چھانٹ اور گوڈی کابھی خاص خیال رکھیں تاکہ جڑی بوٹی پیداہونے کی صورت میں پودوں کو نقصان پہنچنے کا احتمال نہ رہے۔