تل کی پھلیوں

کاشتکاروں کو تل کی پھلیوں کا منہ کھلنے سے پہلے پودے کاٹ لینے کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن):زرعی ماہرین نے پتے جھڑنے پر تل کی برداشت شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے اور کہاہے کہ جب تل کے پودوں سے 90سے 95 فیصد تک پتے جھڑ جائیں اور پودوں کی پھلیاں 75 فیصد تک زردی مائل ہو جائیں تو پھلیوں کا منہ کھلنے سے پہلے پودے کاٹ لیں اور چھوٹے چھوٹے گٹھے بنا کر پہلے سے تیارکردہ ہموار زمین پر سیدھے کھڑے کر دیں تاکہ ان میں روشنی و ہوا کا گزر آسانی سے ہو سکے۔ انہوں نے بتایاکہ کچی پھلیاں پودوں میں موجود خوراک حاصل کرکے پک جاتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پڑ پناتے وقت اس کی مناسب صفائی اور لپائی کا بھی انتظام کرناچاہیے نیز پڑ کے ار د گرد مناسب زہر دھوڑا بھی کرنا چاہیے تاکہ اسے کیڑے مکوڑوں سے بچایاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار پودے خشک ہونے پر ان کو الٹالٹاکر جھاڑ لیں اور یہ عمل وقفے وقفے سے دو سے تین مرتبہ مکمل کرنے کے بعد بیج کو الگ کر لینا چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ بیج کو د و سے تین روز تک خشک کرلیناچاہیے تاکہ اس میں 8یا 10 فیصد سے زائد نمی نہ رہے۔ انہوں نے کہاکہ صاف کردہ پیداوار کو ذخیرہ کرنے سمیت منڈی میں فروخت بھی کیاجاسکتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں