قصور(عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پھلیوں میں دانے بھرجانے پرمٹرکی اگیتی فصل کی برداشت شروع کردیں اورچنائی میں تاخیر سے گریزکیاجائے تاکہ مٹرکی فصل کو نقصان سے بچایاجاسکے۔ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا کہ مٹرکی اگیتی اقسام 2جبکہ پچھیتی اقسام 3چنائیاں دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار چنائی کرتے وقت اس بات کاخیال رکھیں کہ پودے الٹ پلٹ نہ ہوں اور نہ ہی زمین سے پودوں کو اکھاڑاجائے۔انہوں نے کہا کہ صبح کے وقت احتیاط سے چنائی کاوقت انتہائی موزوں ہے تاہم اگر انہیں دورکی منڈیوں تک فروخت کے لئے پہنچانادرکار ہو تو چنائی شام کو بھی کی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار مٹرکی پھلیوں کی تازگی اور رنگت برقراررکھنے کے لئے انہیں چنا کے بعد کپڑے کی صاف بوریوں میں پیک کریں تاکہ پھلیوں کو نقصان پہنچنے کا احتمال نہ رہے