فیصل آباد(عکس آن لائن) کاشتکاروں و باغبانوں کو فوری طور پر گل گلائل کی کاشت شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار و باغبان گل گلائل کی کاشت جلد از جلد شروع کرکے 15 دسمبر تک مکمل کر لیں تاکہ انہیں گلیڈ کی بہتر پیداوار حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔
ماہرین زراعت نے کہاکہ گل گلائل ایک انتہائی خوبصورت پھول ہے جو سرخ ، سفید ،گلابی ، پیلے ، جامنی رنگ کے باعث جہاں باغیچوں ، گھروں کے لانز ، پارکس ، گرین بیلٹس اور دیگر سبزہ زاروں کی دلکشی اور خوبصورتی کاباعث بنتاہے وہیں اسے گلدستوں میں استعمال کرنے کے علاوہ طبی مقاصد کیلئے بھی استعمال کیا جاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ گل گلائل کی کاشت کیلئے ذرخیز اور اچھے نکاس کی حامل میرازمین کا انتخاب کرناچاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ پھول کی کاشت کے بعد پودا اگنے پر جڑی بوٹیوں کے تدارک کیلئے ہلکی گوڈی بھی کرنی چاہیے تاکہ پودوں کا اگاؤ متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ جب پودا 8انچ تک زمین سے اونچا ہو جائے تو اس کے ساتھ مٹی بھی چڑھا دینی چاہیے تاکہ پودے کو گرنے سے بچایاجاسکے۔