سورج مکھی

کاشتکارسورج مکھی کی کاشت کیلئے بیج کی گہرائی زیادہ سے زیادہ 2انچ رکھیں ، محکمہ زراعت

فیصل آباد (عکس آن لائن):محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ سورج مکھی کابیج تر وتر حالت میں کاشت کیاجائے اور بیج کی گہرائی زیادہ سے زیادہ 2انچ رکھی جائے تاکہ اس کی بہتر نشو ونما میں مدد مل سکے نیز اگر کھیلیوں پر سورج مکھی کابیج کاشت کرناہوتو کھیلیاں آلو کاشت کرنے والے رجر سے شرقا و غربا نکالی جائیں اور پہلے کھیلیوں میں پانی لگایاجائے اور پھر جہاں تک وتر پہنچے اس سے تھوڑااوپر خشک مٹی میں جنوب کی طرف بیج لگایا جائے۔ ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد خالد محمودنے کہاکہ آج کل سورج مکھی کی بہاریہ کاشت کاعمل جاری ہے جسے اگلے ماہ فروری کے آخر تک کاشت کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ سورج مکھی کی شاندار پیداوار حاصل کرنے کیلئے اس کی صحیح وقت پر کاشت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح پنجاب میں گندم، دھان، کپاس، گنے کی فصلات کامیابی سے کاشت کی جا رہی ہیں اسی طرح سورج مکھی کی فصل بھی انتہائی کامیابی سے کاشت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کاشتکار فصلات ربیع بالخصوص گندم کی فصل کسی بھی وجہ سے وقت پر کاشت نہ کرسکے ہوں تو وہ سورج مکھی کی کاشت سے خاطر خواہ آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ سورج مکھی کی فصل صر ف بھاری میرا زمین میں ہی کاشت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا ماہرین زراعت سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں