کارپٹ ایسوسی ایشن

کارپٹ ایسوسی ایشن کا برآمدات میں اضافے کی راہ میں حائل رکاوٹوں، بہتری کیلئے تجاویز پر مبنی ڈرافٹ تیار کرنیکا فیصلہ

لاہور(عکس آن لائن) پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ بیرو ن ممالک پاکستانی سفارتخانوںکو برآمدات کے فروغ میں کردار ادا کرنے کی ذمہ داریاں سونپی جائیں اوراس تناظر میںمتعلقہ شعبے کے ماہرافسران کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے ،پاکستان کی برآمدی مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ کیلئے بیرون ممالک کے ائیر پورٹس کے قریب ،بڑے مالزاورخصوصی طو رپر سفارتخانوںکے ایک حصے میں ” پاکستان پویلین” قائم کیا جائے اورمقامی باشندوں اور درآمد کنندگان کو دورے کی دعوت دی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے کارپٹ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا ۔ اس موقع پر چیئر پرسن سی ٹی آئی پرویز حنیف ،سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، اکبر ملک ، اختر نذیر ، سعید خان، اعجاز الرحمان، کامران رضی، قمر ضیا،عامر خالد شیخ، عتیق الرحمان اوردیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پاکستانی قالینوں کے ڈیزائن اورمعیار میں مزید بہتری کے لئے بھی تجاویز پر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قالینوں کی برآمدات میں اضافے کی راہ میں حائل رکاوٹوںاور بہتری کیلئے تجاویز پر مبنی ڈرافٹ تیار کر کے وزیر اعظم سمیت تمام ذمہ دار اداروں کو ارسال کیا جائے گا ۔

ریاض احمد نے کہا کہ بہت سے ممالک کے سفارتخانے اپنی برآمدات میں اضافے میںگہری دلچسپی لیتے ہیں اور اس کیلئے کلیدی کردارادا کر رہے ہیں ۔پاکستانی سفارتخانے بھی اپنی کاوشیں کر رہے ہیں لیکن یہ اس سطح پر نہیں ہیں جس کی موجودہ حالات میں ضرورت ہے ۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس حوالے سے مربوط پالیسی مرتب کی جائے ،سفارتخانوںمیں اس کے لئے متعلقہ شعبے کے ماہر افسران کی تعیناتی کی جائے اور انہیں مقامی درآمدکنندگان کو مدعو کر کے بریفنگ دینے کا پابند کیا جائے ، ہدف حاصل ہونے پر مذکورہ افسران کی تحسین کیلئے خصوصی مراعات کااعلان کیا جائے ۔ ریاض احمد نے کہا کہ جب تک حکومت ان زاویوں پر پیشرفت نہیں کر ے گی ہماری برآمدات میں اس طرح اضافہ نہیں ہو سکتا جو ایک کامیاب معیشت کیلئے نا گزیر ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں