کارپٹ ایسوسی ایشن

کارپٹ ایسوسی ایشن کا ایکسپورٹ، امپورٹ کیلئے خصوصی بینک کے قیام کا خیر مقدم

لاہور( عکس آن لائن)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈا یکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ملک کے پہلے ایکسپورٹ ،امپورٹ ایگزم بینک کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ خصوصی بینک کے وجود میں آنے سے برآمدات میں اضافے کے علاوہ نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں بھی مدد ملے گی ، کریڈٹ انشورنس اور گارنٹی کی خدمات میسر آنے سے برآمد کنندگان کی ایک بڑی مشکل حل ہوگی ۔

ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف ، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، شاہد حسن شیخ ،میجر (ر) اختر نذیر اور سعید خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کیلئے غیر معمولی اقدامات نا گزیر ہیں اور ایکسپورٹ، امپورٹ سے متعلقہ خصوصی بینک کا قیام اس جانب اہم پیشرفت ہے ۔

ہمیں سب سے پہلے خطے کے حریف ممالک کا مقابلہ کرنا ہے جس کیلئے حکومت کی سرپرستی ناگزیر ہے ، خطے کے ممالک کی حکومتیں اپنے برآمد کنندگان کو مختلف مدوں میں مراعات اور ریلیف دے رہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کی برآمدات کے گروتھ میں تسلسل ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کی جانب ایکسپورٹ، امپورٹ کے لئے خصوصی بینک کا قیام قابل ستائش اقدام ہے اور یہ ملکی معیشت ، تجارت اورسرمایہ کاری کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ،

اس سے برآمدات میںاضافہ اور برآمد کنندگان کو سہولیات میسر آئیں گی ،برآمد کنندگان کوسازگار اور لیول پلینگ فیلڈ دستیاب ہونے کے ساتھ عالمی مارکیٹوں تک رسائی بھی ہو سکے گی ۔ا نہوںنے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ بینک سے انشورڈ برآمدات کا حصول ممکن ہو سکے گا اوربرآمد کنندگان کے لئے کمرشل بینکوں کے عدم ادائیگی کے خطرات بھی کم ہو جائیں گے ۔

انہوںنے کہا کہ مطالبہ ہے کہ ایگزم بینک سے برآمد کنندگان کیلئے فنانس سکیم کا بلا تاخیر اجرا ء کیا جائے جس سے اسٹیٹ بینک پر بھی بوجھ کم ہوگا ۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ ملک بھر میں پھیلے ہوئے بینکوں میں خصوصی کائونٹر کا قیام عمل میں لا کر ان کا ایگزم بینک سے الحاق کیا جائے تاکہ ملک بھر میں موجود برآمد کنندگان کو اپنے قریب ترین بینکوں میں سہولت میسر آ سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں