کراچی(نمائندہ عکس)گزشتہ 3 ماہ کے دوران ہونے والی موسلادھار بارشوں کے بعد کراچی میں نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کی خراب صورتحال کے باعث شہر میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ بھر میں 419 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 343کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ضلع وسطی میں رپورٹ ہوئی ہیں، ضلع وسطی میں 15، ضلع شرقی 10، ضلع جنوبی میں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق ضلع شرقی میں 107، ضلع جنوبی 55 ، ضلع کورنگی 36، ضلع ملیر 20، ضلع غربی 13 اور کیماڑی میں 13کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اس کے علاوہ حیدرآباد 52، میر پورخاص9 ، سکھر 6، لاڑکانہ 6 اور شہید بے نظیر آباد میں3کیسز رپورٹ ہوئے۔محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے 32 افراد اور حیدرآباد میں 1 شخص جان کی بازی ہار گیا۔رواں ماہ یکم ستمبر سے آج تک کراچی میں 4 ہزار 661 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ ماہ اگست میں کراچی بھر میں 1265 کیسز رپورٹ ہوئے۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں سال سندھ بھر میں7 ہزار 951 کیسز رپورٹ ہوئے۔