لاہور( عکس آن لائن)چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشیدچیمہ نے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی سیاست کیلئے ملکی سلامتی کے درپے ہیں،پیشگی بتادیاتھا (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی طے شدہ منصوبے کے مطابق گلگت بلتستان کے نتائج کو نہ صرف متنازعہ بنائیں گے بلکہ شر انگیزی بھی پھیلائیںگے جس کے ثبوت سامنے آ چکے ہیں،یہ انتہائی مضحکہ خیز ہے کہ ڈھائی سال والی حکومت مستعفی ہو کر 30سال میں ناکام حکومتیں کرنے والی مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کوموقع دے تاکہ وہ پاکستان کو بچاسکیں ،موجودہ حکومت ماضی کی طرح ڈھنگ ٹپائو نہیں بلکہ منصوبہ بندی کے ساتھ طویل المدت پالیسیاں مرتب کررہی ہے ۔
خواتین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ قوم اپوزیشن جماعتوں کی بڑھتی ہوئی بے چینی سے اچھی طرح آگاہ ہے ،جیسے جیسے پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اپوزیشن کی تکلیف بڑھتی جارہی ہے ۔ایک دوسرے کو دھوکہ دینے والی اپوزیشن جماعتیں ملک و قوم کے مفاد میں کیا لائحہ عمل مرتب کریں گی ؟۔اپوزیشن پانچ سال انتظار کرے اس کے بعد انتخابات کے میدان میںمقابلہ ہوگا اور عوام بہترین منصف ہیں وہ جسے چاہیں گے حکومت میں لے آئیں گے۔