قصور (نمائندہ عکس آن لائن)ڈپٹی کمشنر قصورآسیہ گُل کے زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
جس میں اسسٹنٹ کمشنر قصور اورنگزیب سدھو، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اقبال جاوید، سی ای او ایجو کیشن اتھارٹی مسز ناہید واصف، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر لئیق چوہدری،ڈی او پاپولیشن ویلفیئر چوہدری اسرار انجم، ڈی ایچ او میڈیکل ڈاکٹر حفیظ الرحمن،پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر امتیاز احمد اولکھ،پروگرام ڈائریکٹر آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر ثمرہ خرم، صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن قصور ڈاکٹر محمد خالد، ڈپٹی ڈی ایچ اوز نے شرکت کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر چونیاں عدنان بدر، پتوکی اسامہ شیرون نیازی اور کوٹ رادھاکشن راجہ قاسم محبوب جنجوعہ نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2021کی دوسری انسداد پولیو مہم 29مارچ سے 2اپریل تک منعقد ہو رہی ہے جس کیلئے مربوط لائحہ عمل تشکیل دیدیا گیا ہے تا کہ کوئی بھی بچہ پولیو قطرے پینے سے محروم نہ رہ سکے۔ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 5لاکھ 41ہزار 336بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے۔ مہم کی کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 1586ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں اس کے علاوہ 3444پولیو ورکرز بھی ڈیوٹی دینگے۔ ڈپٹی کمشنر آسیہ گُل نے متعلقہ افسران کوپولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور تمام علاقوں میں ٹیمز کی پہنچ کو ممکن بنانے کیلئے تیار کردہ میپ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہو ں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ تمام محکمہ جات ملکر کام کریں تا کہ مہم کے 100فیصد نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور ٹیموں کیساتھ بھرپور تعاون کریں۔